122

ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام، 20 رنز پر آسٹریلیا کے دو کھلاڑی آؤٹ

(لاہور پوسٹ)آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا روز بظاہر پاکستان کے حق میں رہا، پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تاہم کھیل ختم ہونے تک محض 20 رنز پر آسٹریلیا کے دو وکٹیں گرادیں۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اوپنر فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔

پانچ کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر اظہر علی اور فخر زمان نے 52 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 57 تک پہنچا تو اظہر علی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کے درمیان چھٹی وکٹ پر 147 رنز کی شراکت۔ فوٹو: بشکریہ پی سی بی
57 رنز پر حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 147 رنز جوڑے۔

اپنے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فخر زمان سنچری نہ بناسکے اور ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز بلال آصف نے جن کی اننگز صرف 12 رنز تک محدود رہی جب کہ کپتان سرفراز احمد بھی 247 کے مجموعے پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

یاسر شاہ 28 اور محمد عباس 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مارنس لبوشین نے 3، مچل اسٹارک 2 اور مچل مارش نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنائے تھے۔ دونوں وکٹیں فاسٹ بولر محمد عباس نے حاصل کیں۔ انہوں نے خطرناک کھلاڑی عثمان خواجہ کو 3 اور نائٹ واچ مین پیٹر سیڈل کو 4 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ ایرون فنچ 13 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہےجبکہ میر حمزہ بھی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہیں وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ، میر حمزہ پر مشتمل ہے۔

ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دبئی ٹیسٹ کی گیارہ رکنی ٹیم ہی ابوظہبی ٹیسٹ میں جلوہ گر ہوگی۔

کینگروز ٹیم عثمان خواجہ، ایرون فنچ، شان مارش، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، کپتان ٹم پین، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، نیتھن لیون اور جیمز ہولاند شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں