اپنی پرآسائش کار کو لاہور بھیج کر اسکی چوری کا ڈرامہ رچانے والا بے نقاب

image

پنی پرآسائش کار کو لاہور بھیج کر لندن میں اسکی چوری کا ڈرامہ رچانے والا بے نقاب ہو گیا ۔پولیس نے ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق 34سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری نے 55ہزار پائونڈ مالیت کی بینٹلی کارپاکستان بھیج دی جبکہ لندن میں اسی شخص نے پولیس کے سامنے یہ ڈرامہ رچایا کہ اس کی مہنگی ترین پر آسائش کار کو کسی نے چرا لیا ہے۔

جب پولیس نے شہری کی شکایت پرتفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ وہ کار چوری نہیں کی گئی تھی بلکہ اس شہری نے خود اس کار کو بحری جہاز کے ذریعے پاکستان بھجوادیا تھا اور بعد میں اسکی چوری کا ڈرامہ رچا دیا۔ اس ڈرامے کے فلاپ ہو جانے کے بعد شہری نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا جس پر پولیس نے اس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا ۔اب وہ شخص اس دھوکہ دہی کے مقدمے میں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا یوں اس کو لینے کے دینے پڑ گئے۔

اس سلسلے میں پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کار چوری کی شکایت آئی تھی مگر جب انہوں نے تحقیقات کیں تو انکو معلوم ہوا کہ چوری کا ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا بلکہ اس کار کے مالک نے اس کار کو پاکستان بھیج کر ہمارے سامنے غلط بیانی سے کام لیا جس پر اس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا گیا اور ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

خبریں