ایک نہیں دو نہیں 80 زبانوں میں گانا گانے والی بھارتی بچی کی دھوم

image

سوشل میڈیا پر 12 سالہ بھارتی لڑکی کی بڑی دھوم ہے جو 80 مختلف زبانوں میں گانے گاچکی ہے اور اس لڑکی کے مداح صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بھی موجود ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی 12 سالہ سچیتا ستیش ساتویں جماعت میں پڑھتی ہے لیکن آج کل وہ اپنے والدین کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہے ۔ 
سچیتا کی خاص بات یہ ہے کہ وہ پورے سراور تال کےساتھ دنیا بھر کی 80 مختلف زبانوں میں گانا گا سکتی ہے ، ابتدا میں وہ صرف انگریزی میں گانا گاتی تھی پھر جاپانی زبان میں گانا گانے پر انہیں بہت زیادہ سراہا گیا تو انہوں نے دیگر زبانوں میں بھی گانا گانے کا سوچا ،اب وہ رواں برس 25 دسمبر کو ایک کنسرٹ میں 85 زبانوں میں گانے گا کر اپنی مہارت کا ثبوت دینے کی تیاریاں کررہی ہیں اور اگر انہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دے دیا تو وہ دنیا میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے والی گلوکارہ بن جائیگی ۔ 
سچیتا کا دعویٰ ہے کہ اس نے صرف ایک سال میں 80 زبانوں میں گانا سیکھا ہے ۔ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کیلئے سچیتا نے مزید 5 زبانوں میں گانے سیکھنے کی ٹھانی ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت ایک میوزک کنسرٹ میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے کا ریکارڈ ایک بھارتی شہری راجو شری نواس کے پاس ہے جنہوں نے 76 زبانوں میں گانے گائے تھے ۔

خبریں